ایبٹ آباد سے تاوان کے لیے اغوا کیا گیا 12 سالہ بچہ اسلام آباد سے بازیاب

اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 اغوا کاروں کو گرفتار کر لیا، بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

August 26, 2026 · اہم خبریں
ریسکیو اہلکار سیڑھی سے اوپر کی منزل پر جا رہے ہیں

ریسکیو اہلکار سیڑھی سے اوپر کی منزل پر جا رہے ہیں

ایبٹ آباد سے 10 کروڑ روپے تاوان کی خاطر اغوا کیے جانے والے 12 سالہ بچے کو اسلام آباد پولیس نے بازیاب کر لیا۔

ایبٹ آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ایس پی کینٹ سلمان خان نے بتایا کہ 12 سالہ مغوی محمد ابراہیم گھر سے اچانک غائب ہو گیا، مغوی کے والد کو موبائل پر ایک پیغام موصول ہوا، جس میں بچے کی بازیابی کے لیے 10 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا اور عدم ادائیگی پر بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد پولیس نے فوری طور پر راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو متحرک کیا اور ممکنہ روٹس کی ناکہ بندی کروائی۔ ترنول ناکہ بندی پر مشکوک گاڑی کو روکا گیا اور 12 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

پولیس نے اغوا کار اویس ہارون، نیاز اور احمد علی کو گرفتار کر لیا اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔