آزاد کشمیر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران جتھے کا حملہ، رینجرز اہلکار شہید

دوسرا اہلکار زخمی، غذائی قلت کے سبب سڑکیں کھلوانے کیلئے آپریشن کیا جا رہا تھا

August 26, 2026 · اہم خبریں
ایبٹ آباد شہر (فائل فوٹو)

ایبٹ آباد شہر (فائل فوٹو)

آزاد کشمیر میں سڑک کے کلیئرنس آپریشن کے دوران کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے فسادی جتھے کے مسلح حملے میں رینجرز کا اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے سرساوہ تا تراڑ کھل سڑک کی کلیئرنس کے دوران فسادی جتھے کے اسنائپرز نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز جوان سپاہی شاہ نواز سینے پر گولی لگنے سے شہید ہو گئے جبکہ لانس نائیک بلال کاندھے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے شہید رینجرز اہلکار شاہ نواز کا تعلق خیرپور سندھ سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق آمد و رفت میں شدید مشکلات اور غذائی قلت کے پیش نظرعلاقہ مکین کے پر زور مطالبے پر بند راستوں کو کھولنے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ فسادی جتھے کا سیکیورٹی اہلکاروں کیخلاف جدید اسلحے اور بارودی مواد کا استعمال باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پھیلائی گئی دہشتگردی ہے۔