پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے: پاکستان
جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار ہے تو پھر حملے کیسے جاری رہ سکتے ہیں؟
فوٹو فائل
اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی غیر قانونی آبادکاری، آباد کاروں کے تشدد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، جبکہ پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار ہے تو پھر حملے کیسے جاری رہ سکتے ہیں؟
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام ارکان مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے الحاق کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی آبادکاری اور آباد کاروں کے تشدد سمیت فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ جنگی جرائم اور دیگر سنگین خلاف ورزیوں کے ذمہ داروں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔ ان کے مطابق خطے میں پائیدار امن کے لیے منصفانہ اور جامع سیاسی حل ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی پر قائم ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
پاکستانی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ مسئلے کے پائیدار حل کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ، قبضے کے خاتمے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔