ویانا میں بلاول بھٹو زرداری کی منگی یا شادی؟ پی پی ذرائع نے تردید کردی
صدر آصف علی زرداری طویل غیرملکی دورے پر گئے ہیں، بلاول ماضی میں شادی کے حوالے سے بات واضح کر چکے ہیں
بلاول بھٹو زرداری کی بہنوں کے ساتھ یادگار تصویر
اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شادی اور منگنی کے حوالے سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر مختلف دعوے سامنے آئے ہیں جن کی حقیقت اور ذرائع کی تفصیلات موصول ہو گئی ہیں۔
مختلف میڈیا پلیٹ فارمز نے غیر مصدقہ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی منگنی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان کی ہونے والی دلہن کا تعلق آسٹریا کے قریب واقع ایک چھوٹے یورپی ملک سے ہے۔
اسی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری 27 سے 31 اگست تک آسٹریا کے نجی دورے پر ہیں جہاں وہ بیٹے کی شادی کی تاریخ اور دیگر امور طے کر رہے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل یا بھٹو زرداری خاندان کی جانب سے اس خبر کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے اور اسے محض ایک افواہ قرار دیا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی شادی جب بھی طے پائے گی اس کا باقاعدہ اعلان پارٹی کے آفیشل چینلز سے کیا جائے گا اس لیے غیر تصدیق شدہ خبروں پر کان نہ دھرے جائیں۔
ماضی میں جب صحافیوں نے بلاول بھٹو سے شادی کے منصوبے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ شادی ضرور کریں گے تاہم انہوں نے ہنستے ہوئے یہ شرط رکھی تھی کہ جو بھی لڑکی ہوگی اسے پہلے میری بہنوں کا دل جیتنا ہوگا جو کہ ایک مشکل کام ہے۔