راولپنڈی میں شدید بارشوں کا امکان، نشیبی علاقوں میں اضافی ٹیمیں تعینات
نالہ لئی سمیت شہر کے دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ بارش کے دوران پانی کے بہاؤ اور ممکنہ خطرے پر نظر رکھی جارہی ہے۔
فائل فوٹو
محکمہ موسمیات نے راولپنڈی میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مطلع بدستور ابر آلود ہے اور موجودہ موسمی نظام کے باعث مختلف علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کی صورت میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب واسا حکام نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نشیبی علاقوں میں اضافی ٹیمیں تعینات کردی ہیں۔ نالہ لئی کے اطراف ریسکیو 1122، واسا اور سول ڈیفنس کا عملہ بھی موجود ہے۔
حکام کے مطابق نالہ لئی سمیت شہر کے دیگر نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے، جبکہ بارش کے دوران پانی کے بہاؤ اور ممکنہ خطرے پر نظر رکھی جارہی ہے۔
ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر واسا کے متعلقہ عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جاسکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں، نالوں اور پانی کے تیز بہاؤ والے مقامات سے دور رہیں۔