پنجاب میں مون سون بارشوں کے آخری اسپیل کا الرٹ جاری

17 ستمبر تک لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔

September 12, 2026 · ماحولیاتی تغیر
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبے میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق آج راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے، جبکہ لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 27 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق کل سے 17 ستمبر تک لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے۔

اسی دوران خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں اچانک طغیانی بھی آسکتی ہے۔

حکام نے متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، بلدیاتی اداروں اور لائیو اسٹاک سمیت مختلف محکموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاط برتنے، خستہ حال اور کچے مکانات سے دور رہنے اور تیز آندھی یا طوفان کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام نے شہریوں کو آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہنے اور بچوں کو نشیبی علاقوں، کھڑے پانی اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری امداد کے لیے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔