پی سی بی کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند واپس لانے کا فیصلہ

کوکابورا گیند کی واپسی سے ملکی فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ پی سی بی

September 12, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2026-27 کے ڈومیسٹک سیزن سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر کوکابورا گیند استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد قائد اعظم ٹرافی اور پریذیڈنٹ ٹرافی میں گزشتہ دو سیزنز کے دوران استعمال ہونے والی ڈیوکس گیند کا استعمال ختم ہوجائے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا خیال ہے کہ کوکابورا گیند کی واپسی سے ملکی فرسٹ کلاس اور بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ کے درمیان موجود فرق کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
گزشتہ سیزنز میں ڈیوکس گیند کی نمایاں اور سخت سیون کے باعث فاسٹ بولرز کو طویل عرصے تک گیند کو سوئنگ اور سیم کرانے میں مدد ملتی رہی، جس کے نتیجے میں کئی مقابلوں میں بولرز کو نمایاں فائدہ حاصل ہوا۔
نئے ڈومیسٹک سیزن کے زیادہ تر فرسٹ کلاس میچز پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں کھیلے جانے ہیں۔ ان مقامات پر موسم اور پچز پہلے ہی تیز بولنگ کیلئے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
پی سی بی کو توقع ہے کہ کوکابورا گیند کے استعمال سے بلے بازوں اور بولرز کے درمیان مقابلے میں بہتر توازن پیدا ہوگا، جبکہ اسپنرز کو بھی میچز میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوکابورا گیند آخری مرتبہ 2023-24 کے سیزن تک استعمال کی گئی تھی۔