1۔ برمنگھم ٹیسٹ، انگلینڈ کے دو رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ
انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا، تاہم ہدف کے تعاقب میں اس کی شروعات انتہائی خراب رہی۔
فوٹو گوگل
برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کا فیصلہ کن مرحلہ سنسنی خیز ہوگیا ہے۔ انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا، تاہم ہدف کے تعاقب میں اس کی شروعات انتہائی خراب رہی۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز شروع کی تو قومی فاسٹ بولر محمد عباس نے پہلے ہی اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ یوں انگلینڈ کا مجموعی اسکور صرف دو رنز تھا جب اس کی دو وکٹیں گر چکی تھیں۔
اس سے قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 449 رنز بنائے اور پہلی اننگز کے بڑے خسارے کو ختم کردیا۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور اذان اویس کے درمیان 125 رنز کی اہم شراکت داری قائم ہوئی۔
اذان اویس کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 103 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز انتہائی مایوس کن رہی تھی اور پوری ٹیم صرف 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ قومی ٹیم کے آٹھ بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
جواب میں انگلینڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 453 رنز بنائے اور پاکستان کے خلاف 320 رنز کی بڑی برتری حاصل کی، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ اگر انگلینڈ 130 رنز کا ہدف حاصل کرلیتا ہے تو وہ سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلے گا، جبکہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف مسلسل چھٹی ٹیسٹ شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔