راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بارش کا امکان
پنجاب میں 17 ستمبر تک مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے
فائل فوٹو
لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے نواں اور آخری اسپیل کا آج سے آغاز متوقع ہے، جس کے باعث صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں 17 ستمبر تک مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اسی طرح مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور خیرپور سمیت دیگر علاقوں میں آج شام سے 16 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔
متعلقہ اداروں نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔