محمد رضوان کا سائبر کرائم ایجنسی کو جواب، اہم سوالات اٹھا دیے
محمد رضوان نے خط میں استفسار کیا کہ انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے طلب کرنے کی اصل وجہ کیا ہے اور انہیں کس معاملے میں وضاحت کے لیے بلایا گیا؟
فائل فوٹو
قومی کرکٹر محمد رضوان کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو بھیجے گئے خط کا متن سامنے آگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے ایجنسی کو اپنا جواب بذریعہ کورئیر ارسال کیا، جس میں انہوں نے انہیں طلب کیے جانے کی وجوہات اور دیگر معاملات سے متعلق متعدد سوالات اٹھائے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے خط میں استفسار کیا کہ انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے طلب کرنے کی اصل وجہ کیا ہے اور انہیں کس معاملے میں وضاحت کے لیے بلایا گیا؟
قومی کرکٹر نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ان کا موبائل فون تاحال واپس کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے موبائل فون واپس نہ کیے جانے کی وجہ بتانے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان نے اپنے جواب میں یہ بھی پوچھا کہ انہوں نے کون سے ضابطے یا ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے، اس کی وضاحت کی جائے۔
رضوان نے خط میں اس معاملے پر بھی سوال اٹھایا کہ آخر انہیں کس بنیاد پر طلب کیا جا رہا ہے اور ان سے کیا معلومات یا وضاحت درکار ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان کے خط میں اٹھائے گئے سوالات کے بعد معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔