جماعت اسلامی کا 20 ستمبر کو اسلام آبادمارچ، مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر دھرنے کا اعلان

وام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے ،امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینیئر نصراللہ رندھاوا

September 17, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو مقامی میڈیا

فوٹو مقامی میڈیا

راولپنڈی:جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر کو ہونے والے ’اسلام آباد مارچ‘ کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینیئر نصراللہ رندھاوا نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج تاریخی اور پُر امن ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ سال حکومت پاکستان نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے اربوں روپے وصول کیے، جبکہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے۔

نصراللہ رندھاوا کے مطابق حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں جماعت اسلامی نے اپنے مؤقف کے حق میں دلائل پیش کیے اور متبادل ریونیو ذرائع کے حوالے سے تجاویز بھی دیں، تاہم امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی کال برقرار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک بھر سے کارکنان اور شہری اسلام آباد پہنچیں گے اور لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارچ کے بعد مطالبات کی منظوری تک ڈی چوک پر دھرنا جاری رہے گا اور جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گی۔

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد کی سڑکیں کھلی رکھی جائیں اور کنٹینرز لگا کر عوام کی آمد و رفت میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے ڈی چوک پر دھرنے کے لیے باقاعدہ درخواست بھی انتظامیہ کو دے دی ہے۔

نصراللہ رندھاوا کے مطابق مارچ کے انتظامات کے لیے 20 انتظامی کمیٹیاں اور 50 ذیلی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں۔

انھوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ شرکا کے لیے بنیادی سہولیات اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ان کمیٹیوں کے ساتھ تعاون کیا جائے۔

پریس کانفرنس میں نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ جماعت اسلامی دھرنے میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان کا خیر مقدم کرے گی اور انھیں اسلام آباد مارچ اور دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتی ہے۔