وزیراعلیٰ مریم نواز کا ملتان دورہ، جدید الیکٹروبس سروس کا باقاعدہ افتتاح

اہم قدم، ملتان ڈویژن میں بسیں چلیں گی، شہریوں کا شاندار استقبال ہوگا۔

September 17, 2026 · اہم خبریں
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملتان میں الیکٹروبس کی افتتاحی تقریب کے دوران بچوں سے گفتگو کر رہی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملتان میں الیکٹروبس کی افتتاحی تقریب کے دوران بچوں سے گفتگو کر رہی ہیں۔

لاہور اور ملتان کے نمائندے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان کا دورہ کیا اور شہر میں جدید الیکٹروبس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ایگرو مال شجاع آباد روڈ پر قائم ای بس سٹاپ سے الیکٹروبس پر سوار ہوئیں اور سفر کرتے ہوئے محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگری کلچر میں قائم تقریب گاہ پہنچیں۔

اولڈ شجاع آباد روڈ پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شاندار عوامی استقبال کیا گیا جہاں ہزاروں بچے، نوجوان، طلبہ اور بزرگ سڑکوں پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے گاڑی سے ہزاروں من گلاب کے پھول نچھاور کیے جبکہ بچے پھول اور تصاویر لے کر گاڑی کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ تقریب گاہ پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پنڈال نعروں سے گونجتا رہا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ای بس پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں پہلے مرحلے میں 45 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔ وہاڑی چوک سے نشتر ہسپتال، گھنٹہ گھر سے ابن سینہ ہسپتال، ڈیرہ اڈا سے براستہ ڈی ایچ اے وویمن یونیورسٹی اور ای خدمت سنٹر تک الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ چونگی نمبر 9 سے ناگ شاہ نادرہ آباد پھاٹک، ملتان وہاڑی چوک قاسم بیلہ اور گھنٹہ گھر سے قادر پور راں تک بھی الیکٹروبس سروس فراہم کی جائے گی۔

دستاویزات اور پراجیکٹ رپورٹ کے مطابق پہلے فیز میں ملتان ڈویژن کے مختلف شہروں اور علاقوں کیلئے 160 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی جبکہ ملتان ڈویژن میں مجموعی طور پر 205 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی۔ اس منصوبے سے شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔