فیضان احمد نے لاہور سے اسکردو تک 1100 کلومیٹر کا رننگ چیلنج مکمل کرلیا
ان کے راستے میں ناران، بابوسر ٹاپ، چلاس اور رائے کوٹ سمیت کئی دشوار گزار مقامات شامل تھے
فیضان احمد نے لاہور سے اسکردو تک 1100 کلومیٹر کا رننگ چیلنج مکمل کرلیا
لاہور: جی سی یونیورسٹی لاہور کے طالب علم اور فیلکن ٹرائیتھلون کلب کے رکن فیضان احمد نے لاہور سے اسکردو تک 1100 کلومیٹر کا طویل رننگ چیلنج 22 روز میں مکمل کرلیا۔
فیضان احمد نے اسکردو پہنچ کر اپنا مشکل اور طویل سفر مکمل کیا۔ اس دوران انہوں نے پنجاب کے میدانی علاقوں سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں تک دوڑ لگائی۔
ان کے راستے میں ناران، بابوسر ٹاپ، چلاس اور رائے کوٹ سمیت کئی دشوار گزار مقامات شامل تھے، جہاں انہیں طویل فاصلوں، مسلسل چڑھائیوں، مشکل راستوں اور مختلف موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
22 روز پر محیط اس سفر میں فیضان احمد نے مجموعی طور پر 1100 کلومیٹر کا فاصلہ دوڑ کر طے کیا، جس کے ذریعے انہوں نے ایک منفرد جسمانی چیلنج مکمل کیا۔
فیضان احمد نے اپنا یہ سفر پاکستان کی مسلح افواج اور پولیس کے شہدا کے نام کیا اور ملک کے لیے جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے رننگ کے ذریعے منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی کا پیغام بھی عام کیا اور نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی اہمیت اجاگر کی۔
فیضان احمد کے مطابق سفر کے دوران انہوں نے راستے میں آنے والی مختلف آبادیوں اور کمیونٹیز تک بھی منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی پیغام پہنچایا۔