محمد فاروق کا پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھکوں کا نیا ریکارڈ
محمد فاروق نے پہلی اننگز میں 163 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے
محمد فاروق کا پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھکوں کا نیا ریکارڈ
راولپنڈی: پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹر محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
پریزیڈنٹ ٹرافی فرسٹ کلاس کے دوسرے راؤنڈ میں ایم آئی ٹی سلوشنز کی نمائندگی کرنے والے محمد فاروق نے شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
محمد فاروق نے پہلی اننگز میں 163 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے۔ 14 چھکوں کے ساتھ وہ پاکستانی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر بن گئے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ گل فراز خان کے پاس تھا، جنہوں نے 1976-77 کے سیزن میں پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق نے مجموعی فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی پاکستانی بیٹر کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ماجد خان کے پاس تھا، جنہوں نے 1967 میں گلیمورگن کے خلاف 13 چھکے لگائے تھے۔
محمد فاروق کی جارحانہ اننگز نے نہ صرف ٹیم کے لیے قیمتی رنز فراہم کیے بلکہ پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں چھکوں کے کئی دہائیوں پرانے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔