کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

لاہور میں آج بارش کے امکانات نہیں، شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

September 22, 2026 · ماحولیاتی تغیر
کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کردی ہے۔ لاہور اور اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج بارش کے امکانات نہیں، شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار تقریباً 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ دن کے دوران پارہ 34 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں ایک ڈگری کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار 7 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے جبکہ نمی کا تناسب 59 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور بعض مقامات پر بارش بھی ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں شدید گرمی اور حبس کی صورتحال برقرار ہے۔ شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل تک شدید گرمی جیسی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ تیز دھوپ کے باعث گرمی کی شدت 45 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہونے کا امکان ہے۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث شہر میں حبس کی کیفیت بھی برقرار ہے۔

اگلے 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔