فضائی آلودگی میں لاہور کا پھر پہلا نمبر

ڈی ایچ اے فیز فائیو میں ہوا کے معیار کا اشاریہ 230، ماڈل ٹاؤن میں 197 اور چمن پارک میں 193 ریکارڈ ہوا۔

September 22, 2026 · ماحولیاتی تغیر

فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر میں ہوا کے معیار کا اشاریہ 207 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک رہی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح میں واضح فرق دیکھا گیا۔ گلبرگ ٹو میں ہوا کے معیار کا اشاریہ 261، برکی روڈ پر 258 جبکہ کینٹ کے علاقے میں 231 ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح ڈی ایچ اے فیز فائیو میں ہوا کے معیار کا اشاریہ 230، ماڈل ٹاؤن میں 197 اور چمن پارک میں 193 ریکارڈ ہوا۔ بیدیاں روڈ پر بھی اشاریہ 193 جبکہ عسکری ٹین میں 173 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 اور کم سے کم 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوائیں 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں اور موسم گرم و خشک رہنے کی توقع ہے۔