ابھیشیک شرما نے شاداب اور راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا
ابھیشیک شرما رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے
ابھیشیک شرما نے شاداب اور راشد خان کو پیچھے چھوڑ دیا
بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ایسا ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے جس میں وہ شاداب خان اور راشد خان سے آگے نکل گئے ہیں۔
ابھیشیک شرما نے صرف پانچ روز کے دوران ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو مختلف نوعیت کے ریکارڈ قائم کیے۔ چند روز قبل افغانستان کے خلاف شاندار سنچری بنانے والے بھارتی بیٹر کو جاپان کے خلاف تاریخی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے واپس پویلین لوٹنا پڑا۔
اس آؤٹ کے ساتھ ہی ابھیشیک شرما رواں سال ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے۔ یہ کسی ایک کیلنڈر سال کے دوران کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں صفر پر آؤٹ ہونے کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابھیشیک شرما کے ان 10 میں سے 7 صفر بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں آئے ہیں۔
اس سے قبل افغانستان کے راشد خان 2019 میں جبکہ پاکستان کے شاداب خان 2024 میں ایک کیلنڈر سال کے دوران 9،9 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
یوں ابھیشیک شرما نے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کے معاملے میں دونوں کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔