ابرار احمد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بولر بن گئے
راشد خان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں
ابرار احمد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بولر بن گئے
پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آئی سی سی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
تازہ رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے افغانستان کے معروف اسپنر راشد خان کو پیچھے چھوڑ کر نمبر ون پوزیشن حاصل کی۔ راشد خان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ افغان اسپنر گزشتہ چھ ماہ سے ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست تھے۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں عالمی نمبر ون بننے والے پاکستان کے پانچویں بولر ہیں۔ ان سے پہلے عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجہ تنزلی کے بعد انیسویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے بھی رینکنگ میں غیر معمولی بہتری حاصل کی اور 47 درجے ترقی کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے۔
بیٹنگ کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ کے جوز بٹلر نے سیریز کے دوران 172 رنز بنائے، جس کے بعد وہ ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی عالمی رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، تاہم ٹاپ 20 میں ان کے علاوہ کوئی اور پاکستانی بیٹر شامل نہیں۔
دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے بھی نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ وہ پانچ درجے ترقی کرکے 24ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔