ایشین گیمز: چین کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی ہاکی ٹیم اہم کھلاڑی سے محروم

بڑا دھچکا، رانا وحید اشرف معطل، فیصلے کی تصدیق کردی گئی

September 24, 2026 · اسپورٹس
ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا ایک پریکٹس سیشن

ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا ایک پریکٹس سیشن

 

ایشین گیمز میں چین کے خلاف اہم میچ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں قومی ٹیم کے فارورڈ کھلاڑی رانا وحید اشرف ایک میچ کے لیے معطل ہو گئے ہیں۔ ٹورنامنت منتظمین اور ایشین ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ فیصلوں کے مطابق یہ کارروائی پچھلے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کی بنیاد پر کی گئی ہے۔

دستاویزات اور ذرائع کے مطابق ازبکستان کے خلاف میچ کے دوران رانا وحید اشرف کی ہاکی اسٹک لگنے سے حریف ٹیم کے کھلاڑی کے سر پر چوٹ لگی تھی، جس پر ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایک میچ کی معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔ رانا وحید اشرف کو قومی فارورڈ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے، اور ان کی عدم موجودگی کو ٹیم کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ایشین گیمز میں اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 میچز کھیلے ہیں، جن میں تھائی لینڈ کے خلاف 0-9 سے شاندار فتح حاصل کی جبکہ ازبکستان کے خلاف میچ 1-5 کے اسکور سے اپنے نام کیا تھا۔ ٹیم اب چین کے خلاف مد مقابل ہوگی جہاں کوچنگ اسٹاف کے مطابق دیگر کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ اس خلا کو پر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔