25 سے 30 ستمبر تک بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ

September 25, 2026 · ماحولیاتی تغیر
25 سے 30 ستمبر تک بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

25 سے 30 ستمبر تک بارشوں کا امکان، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام میں شدت آنے کی توقع ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ خیبرپختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں بھی ممکنہ سیلاب سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری اور گلیات میں شدید بارش کے نتیجے میں شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ سیلاب اور دیگر موسمی خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اداروں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل تیار رکھنے، بارش اور ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کیا جائے جبکہ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے افراد حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔