بنگلادیشی کپتان نے پاکستانی پرچم کا احترام کرکے دل جیت لیے
میچ کے دوران پاکستانی پرچم زمین پر گرتا دیکھ کر نِگار سلطانہ نے اسے اٹھا کر احترام سے سنبھال لیا
بنگلادیشی کپتان نے پاکستانی پرچم کا احترام کرکے دل جیت لیے
جاپان میں جاری ایشین گیمز کے دوران بنگلادیش ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان نِگار سلطانہ کی جانب سے پاکستانی پرچم کے احترام کا خوبصورت منظر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا۔
میچ کے دوران پاکستانی پرچم زمین پر گرتا دیکھ کر نِگار سلطانہ نے اسے اٹھا کر احترام سے سنبھال لیا۔ ان کے اس اقدام کو کھیل کے میدان سے باہر دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال قرار دیا جارہا ہے۔
صحافی کی جانب سے اس حوالے سے سوال کیے جانے پر نِگار سلطانہ نے کہا کہ پرچم کا احترام ضروری ہے اور پاکستان و بنگلادیش کے پرچم ان کے لیے یکساں قابل احترام ہیں۔
بنگلادیشی کپتان کے اس رویے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگیں، جہاں صارفین کی جانب سے ان کے اقدام کو سراہا جارہا ہے۔
نِگار سلطانہ کا یہ عمل کھیلوں میں موجود مسابقت کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کے درمیان احترام، رواداری اور مثبت رویے کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہے۔