ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چوکی سے بمبار نے بارود بھری گاڑی ٹکرا دی،11 شہید

درازندہ امن میلہ کے قریب دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں

September 26, 2026 · اہم خبریں
ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے کے بعد کے مناطر

ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکے کے بعد کے مناطر

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ کے علاقے امن میلہ کے قریب ہفتے کو دھماکے سے 11 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی امن میلہ چیک پوسٹ سے ٹکرا دی۔ جاں بحق ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جس چوکی پر حملہ کیا گیا وہ انسدادِ اسمگلنگ کیلئے قائم کی گئی تھی اور اینٹی اسمگلنگ چیک پوسٹ پر یہ حملہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر یعنی اسمگلرز کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔

شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہیں۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لاتعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔


حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی درازندہ سٹیشن کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز اور عملہ بھی جائے وقوعہ روانہ کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ 11 افراد کی لاشیں بھی جائے وقوعہ سے نکال لی گئی ہیں۔