لاہور کے علاقے ڈیفنس میں آذربائیجان کی 20 سالہ غیر ملکی خاتون سے مبینہ گینگ ریپ
افسوسناک واقعہ، مقدمہ درج کر لیا گیا، ملزمان کی تلاش جاری ہے
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے بعد پولیس تحقیقات جاری ہیں۔
لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس سی میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ خاتون، جس کی شناخت ڈیانا کے نام سے ہوئی ہے، کاروباری سلسلے میں پاکستان آئی تھی اور گذشتہ 15 روز سے رائیونڈ روڈ کے قریب رہائش پذیر تھی۔
پولیس حکام کے مطابق جمعہ کی شام 2 نامعلوم خواتین نے متاثرہ خاتون کو کھانے کی دعوت دی اور اسے ورغلا کر ایک کیفے لے گئیں، جہاں 3 نامعلوم مرد دوست پہلے سے موجود تھے۔ کھانا کھانے اور کچھ وقت گزارنے کے بعد تمام ملزمان خاتون کو ایک فلیٹ پر لے گئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فلیٹ پر پہنچنے کے بعد ملزمان نے غیر ملکی خاتون کو مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلائی، جس کے بعد 3 افراد نے اسے رات بھر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزمان جنسی زیادتی کے بعد متاثرہ خاتون کو ائیرپورٹ کے قریب لاوارث حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ مقدمے میں یہ بھی درج کیا گیا ہے کہ ملزمان فرار ہوتے وقت خاتون کا آئی فون اور دیگر قیمتی موبائل فون بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کی نشان دہی پر جائے وقوع سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر تکنیکی ذرائع سے ان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔