لارڈز میں سرفراز نواز کی کتاب ’ریورس سوئنگ‘ کی رونمائی

سابق کرکٹرز، پاکستانی و برطانوی شائقین اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

September 27, 2026 · اسپورٹس
لارڈز میں سرفراز نواز کی کتاب ’ریورس سوئنگ‘ کی رونمائی

لارڈز میں سرفراز نواز کی کتاب ’ریورس سوئنگ‘ کی رونمائی

لندن: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کی خودنوشت کتاب ’ریورس سوئنگ‘ کی تقریب رونمائی تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس میں سابق کرکٹرز، پاکستانی و برطانوی شائقین اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران سرفراز نواز کی کتاب حاصل کرنے اور ان سے آٹوگراف لینے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود رہی، جبکہ پاکستانی اور برطانوی کرکٹ مداحوں سمیت متعدد افراد نے کتابیں خریدیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ ’ریورس سوئنگ‘ صرف کرکٹ سے متعلق کتاب نہیں بلکہ ان کے کرکٹ کیریئر، کھیل کے دوران پیش آنے والے واقعات اور مختلف تلخ و شیریں تجربات پر مبنی خودنوشت ہے۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کتاب میں کرکٹ کے اندرونی معاملات اور ان کے تجربات کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ انہیں امید ہے کہ یہ کتاب نئی نسل کے فاسٹ بولرز کے لیے مفید ثابت ہوگی۔

سرفراز نواز کو ریورس سوئنگ کے فن کو فروغ دینے والے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ کتاب میں ان کے کرکٹ کیریئر سے جڑے یادگار واقعات، تجربات اور کھیل کے مختلف ادوار کا ذکر کیا گیا ہے۔

تقریب کے بعد لندن کے ایک پاکستانی ریسٹورنٹ میں پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا نمائندوں کے ساتھ خصوصی نشست بھی ہوئی، جہاں سرفراز نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر کے مختلف واقعات اور یادیں بھی شیئر کیں۔