این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب
سخت مقابلہ، ن لیگ کے امیدوار نے میدان مار لیا، وزیراعظم کی مبارکباد۔
این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب کا انتخابی منظر اور کامیاب امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے نمایاں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انتخابی دستاویزات اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق حلقے کے تمام 292 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا، جہاں مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد بھی پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی۔
دستاویزات اور رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ان کے مد مقابل آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ اس حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جن کے صاحبزادے کو پارٹی نے ٹکٹ جاری کیا تھا جبکہ دوسرے امیدوار ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔
کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب رکن قومی اسمبلی ملک منیر اقبال چنڑ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ حلف اٹھاتے ہی سب سے پہلے بہاولپور صوبے کا مطالبہ اٹھائیں گے اور اپنے حلقے کے تمام دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے ملک منیر اقبال چنڑ اور ان کے بھائی و ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کامیابی عوام کے مسلم لیگ (ن) پر پختہ اعتماد کا واضح اظہار ہے، اور مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ کی پارٹی کے لیے دی گئی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔