مکہ مکرمہ اور ریاض میں موسلادھار بارش، مسجد الحرام میں طواف جاری

باران رحمت، موسم خوشگوار ہوگیا، زائرین کی عبادت جاری۔

September 28, 2026 · اہم خبریں
مسجد الحرام میں تیز بارش کے دوران عمرہ زائرین طواف میں مصروف ہیں۔

مسجد الحرام میں تیز بارش کے دوران عمرہ زائرین طواف میں مصروف ہیں۔

سعودی عرب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ اور دارالحکومت ریاض میں کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں۔ اس دوران مسجد الحرام میں تیز بارش کے دوران عمرہ زائرین طوافِ کعبہ میں مصروف رہے اور رب کے حضور سجدہ ریز ہو کر دعائیں مانگیں۔

سعودی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ میں بارانِ رحمت کے دوران زائرین نے طواف جاری رکھا اور بارش برسنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ دوسری جانب دارالحکومت ریاض میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور شہریوں نے اس خوشگوار موسم سے بھرپور لطف اٹھایا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے بارش کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بہترین اقدامات کیے ہیں۔ مطاف، نماز کے مقامات اور داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا گیا۔ یاد رہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں پہلے ہی بارش کا الرٹ جاری کر رکھا تھا اور سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔