امریکہ اور ایران میں بالواسطہ مذاکرات کا نیادور آج ہوگا، امریکی میڈیا
قطری ثالث فریقین سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے،ویب سائٹ ایگزیوس
امریکی میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا ایک نیا دور آج پیر کے روز منعقد ہو رہا ہے۔ خبر رساں ویب سائٹ ’ایگزیوس‘ کے مطابق، قطر بطور ثالث واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے اپنی بالواسطہ سفارتی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایگزیوس نے کہا ہے کہ ، اس سلسلے میں قطری ثالث ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی صدر کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔تاہم، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا دونوں فریق اس نئے دور کے دوران اپنے بنیادی اور قائم شدہ اختلافات کو دور کرنے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
امریکی میڈیا نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کی جانب سے شرائط مسترد ہونے کے باوجود ایرانی وزیر خارجہ سفارتکاری کے لیے پر امید ہیں۔
قبل ازیں ایک انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ہماری تجاویز مسترد کرنے پر حیرانگی ہوئی۔ ہماری تجویز سے حالات معمول پر آسکتےتھے۔ ہمارے مطالبات نئے نہیں بلکہ وہ حقوق ہیں جن کا ہم احترام چاہتے ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے اس نئے دور کی تصدیق کی تھی، تاہم، انہوں نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایرانی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔