بھارت میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے تباہی، اترپردیش میں 62 اموات

شدید طوفانی بارشیں، ہزاروں مکانات تباہ، اوڈیسا سے 70 ہزار افراد کا انخلا

September 28, 2026 · ماحولیاتی تغیر
بھارت کی ریاست اترپردیش اور دیگر علاقوں میں جاری مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب کا منظر

بھارت کی ریاست اترپردیش اور دیگر علاقوں میں جاری مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب کا منظر

 

بھارت کی شمالی ریاست اترپردیش میں گزشتہ 3 روز سے جاری شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 62 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق بھارت کی سرکاری ڈیزاسٹر ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ ریاست کے اکثر علاقے موسلادھار بارشوں کی زد میں ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

ریاست کے ریلیف کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ بیان کے مطابق خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے شدید دباؤ کی منتقلی کے باعث ہونے والی ان بارشوں سے اب تک 1 ہزار سے زائد گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارش اور سیلاب کے باعث زرعی اراضی اور فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے، جس سے کسانوں کو آئندہ سیزن کے حوالے سے شدید خدشات لاحق ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اترپردیش میں جمعے سے اتوار کے دوران 66.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس سیزن میں معمول کی بارش صرف 7.6 ملی میٹر ہوتی ہے۔ جون سے ستمبر تک جاری رہنے والے اس مون سون سیزن میں بھارت کی اس سب سے بڑی ریاست کے 24 کروڑ سے زائد شہری موسلادھار بارشوں اور آندھی کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب مشرقی ریاست اوڈیسا میں بھی شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے اور پانی کی سطح بلند ہونے پر قریبی علاقوں سے 70 ہزار سے زائد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے خراب صورتحال کے پیش نظر تمام سیاحتی مقامات کو تاحکم ثانی بند کردیا ہے جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچہ بھی متاثر ہوا ہے۔