کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اضلاع میں موسم تبدیل،لاہورمیں فضائی آلودگی بڑھ گئی

گرمی کا زور ٹوٹ گیا، سرد ہواؤں کا راج، ایئر کوالٹی انڈیکس بلند ہوگیا۔

September 28, 2026 · ماحولیاتی تغیر
کوئٹہ میں سردی کی آمد اور لاہور میں آلودگی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا منظر

کوئٹہ میں سردی کی آمد اور لاہور میں آلودگی کے بڑھتے ہوئے اثرات کا منظر

 

ملک کے مختلف حصوں میں موسمی حالات میں نمایاں تبدیلی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ ایک طرف بلوچستان کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم نے کروٹ بدل لی ہے تو دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلات، مستونگ اور نوشکی میں گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے اور موسمِ خزاں کے آغاز کے ساتھ ہی رات اور صبح کے اوقات میں خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ قلات میں سردی کی پہلی لہر کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سرد ہواؤں کے باعث دن کے اوقات میں بھی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔ سردی کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں نے گرم چادروں، کوٹوں اور سویٹرز کا استعمال شروع کر دیا ہے اور گرم ملبوسات کی خریداری کے لیے بازاروں میں بھی رونق بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سائبیرین ہواؤں کے اثرات کے باعث بلوچستان کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ قلات اور گردونواح میں تیز اور سرد ہوائیں چلنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی نے ایک بار پھر شدت اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 150 سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں موسم خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔