ستھرا پنجاب پروگرام، فیلڈ افسران کی مانیٹرنگ کیلئے باڈی کیم لگانے کا فیصلہ

کارکردگی کا جائزہ، قصور اور فیصل آباد کے ایم ڈی فارغ، ڈور ٹو ڈور مہم کیلئے 15 روز کا ہدف۔

September 29, 2026 · اہم خبریں
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ستھرا پنجاب پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ستھرا پنجاب پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہی ہیں۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ’ستھرا پنجاب‘ پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی کے انتظامات اور فیلڈ سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سرکاری دستاویزات اور اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے مطابق صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے منیجنگ ڈائریکٹرز (ایم ڈیز) کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ ناقص کارکردگی پر ہٹائے گئے ان افسران کو مزید کوئی پوسٹنگ نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیلڈ افسران کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس کے دوران یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ’ستھرا پنجاب‘ کے فیلڈ مانیٹرنگ افسران (ایف ایم اوز) کی نقل و حرکت اور کارکردگی کی ٹریکنگ کے لیے باڈی کیمز لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنرز کو ایف ایم اوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ فیلڈ افسران کی نگرانی کے لیے باقاعدہ ایک مانیٹرنگ سیکشن قائم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن مہم میں بہتری لانے کے لیے 15 دن کا حتمی ہدف مقرر کیا گیا ہے اور پنجاب بھر میں ستھرا پنجاب کا بیٹ سسٹم مکمل طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے آگاہ کیا کہ پنجاب کی بیشتر تحصیلوں میں ستھرا پنجاب کے ورکرز کو تنخواہوں اور دیگر واجبات کی بروقت ادائیگی مکمل کر دی گئی ہے، اور کوڑا کرکٹ ڈالنے کے لیے صوبہ بھر میں 37 ہزار 852 مقامات پر کوڑے دان (بنز) نصب کر دیے گئے ہیں۔

اینٹی لٹرنگ مہم کے حوالے سے بتایا گیا کہ تمام ڈویژنوں میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈز مکمل طور پر متحرک ہیں جن کی جانب سے اب تک 77 ہزار 137 انسپیکشنز کی گئی ہیں اور 9 ہزار 353 وارننگز جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گندگی پھیلانے کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں سیف سٹی کیمروں کی مدد سے 2 ہزار 156 ڈیجیٹل چالان بھی کیے گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب کے حوالے سے صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 76 ہزار 551 شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 99 فیصد شکایات کا بروقت ازالہ کر دیا گیا ہے۔