شوکت یوسفزئی نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کیلئے پارٹی قیادت کو خط لکھ دیا

وفاقی حکومت پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے دباؤ محسوس کررہی ہے اور اسی تناظر میں صوبائی حکومت کے خلاف اقدامات کیے جانے کا خدشہ ہے۔

September 29, 2026 · اہم خبریں, قومی
شوکت یوسفزئی نے لانگ مارچ منسوخ کرنے کیلئے پارٹی قیادت کو خط لکھ دیا ( فائل فوٹو)

شوکت یوسفزئی نے لانگ مارچ منسوخ کرنے کیلئے پارٹی قیادت کو خط لکھ دیا ( فائل فوٹو)

پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے پارٹی کی مرکزی قیادت کو خط لکھ کر موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور لانگ مارچ فوری طور پر مؤخر کرنے کی سفارش کی ہے۔

پشاور کی سینئر صحافی فرزانہ احمد سے گفتگو میں شوکت یوسفزئی نے مرکزی قیادت کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی کو اپنی رائے سے آگاہ کیا ہے۔

خط میں شوکت یوسفزئی نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت بعض معاملات کو بنیاد بنا کر خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی کوشش کرسکتی ہے، جبکہ افغانستان کی جانب سے پاکستان پر ممکنہ حملے کو بھی اس اقدام کے لیے جواز بنایا جاسکتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق موجودہ صورتحال انتہائی حساس ہے اور ان کے خیال میں وفاقی حکومت لانگ مارچ کے باعث دباؤ میں ہے، جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے خلاف کارروائی کی کوشش کی جاسکتی ہے۔

خط میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا کہ صوبائی حکومت پر دہشت گردی کی حمایت جیسے الزامات عائد کرکے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی یا سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کا راستہ نکالا جاسکتا ہے۔

شوکت یوسفزئی نے مرکزی قیادت پر زور دیا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے پارٹی اور ملک کے وسیع تر مفاد میں حکمت عملی طے کی جائے۔ انہوں نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار سیاسی جماعت کے طور پر پی ٹی آئی کو لانگ مارچ فوری طور پر مؤخر کرنے پر غور کرنا چاہیے۔دریں اثنا، برطانوی نشریاتی ادارے نے شوکت یوسفزئی کی گفتگو شائع کی ہے جس کے مطابق انہوں نے مذکورہ خط پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہونے سے ایک دن پہلے لکھا تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا اسلام آباد لانگ مارچ پہلے 27 ستمبر سے 4 اکتوبر تک مؤخر کیا جاچکا ہے۔