خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، تعداد 4 ہو گئی

قومی ادارہ صحت کی تصدیق، رواں سال مجموعی تعداد 5 ہوگئی، بچوں کی ویکسینیشن جاری۔

September 29, 2026 · اہم خبریں
پولیو سے متاثرہ بچی اور انسداد پولیو مہم کا عکاسی کرتا ایک منظر

پولیو سے متاثرہ بچی اور انسداد پولیو مہم کا عکاسی کرتا ایک منظر

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آ گیا ہے جس کے بعد صوبے میں پولیو کے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے اس نئے کیس کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

محکمہ صحت اور جاری کردہ سرکاری رپورٹس کے مطابق بنوں کی تحصیل ڈومیل کی یونین کونسل خندر خان خیل سے 17 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے قبل ضلع بنوں سے 2 اور شمالی وزیرستان سے پولیو کا ایک کیس سامنے آ چکا ہے، جس سے رواں سال خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای اوسی) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 5 ہو چکی ہے، جن میں خیبرپختونخوا کے 4 اور سندھ کا ایک کیس شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے 112 منتخب اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا گیا تھا جو 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہی، اور اس دوران 2 کروڑ 82 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔