مقبوضہ کشمیر میں ڈیوٹی کی تبدیلی پر تنازع، بھارتی اہلکار کی فائرنگ سے 4 ساتھی ہلاک

سخت ذہنی دباؤ کا شاسانسان، ہیڈ کانسٹیبل گرفتار، کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا

September 29, 2026 · اہم خبریں
بھارتی نیم فوجی کیمپ جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

بھارتی نیم فوجی کیمپ جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سیوا 2 پن بجلی منصوبے کے کیمپ میں پیراملٹری فورس کے ایک اہلکار نے فائرنگ کر کے اپنے ہی 4 ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہولناک واقعہ منگل کی شام ڈیوٹی تبدیل کرنے کے دوران پیش آیا، جہاں معمولی تلخ کلامی نے خونی تصادم کی شکل اختیار کر لی۔

پولیس ذرائع اور میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورسز (سی آئی ایس ایف) کے ہیڈ کانسٹیبل اودھیش سنگھ نے سرکاری ہتھیار کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے ملزم ہیڈ کانسٹیبل کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی آئی ایس ایف کے اعلیٰ ہیڈکوارٹر نے اس سنگین واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا ہے تاکہ فائرنگ کی اصل وجوہات اور محرکات کا تعین کیا جا سکے تاہم ابتدائی طور پر اس کی وجہ ڈیوٹی کی تبدیلی پر ہونے والی تکرار بتائی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر اور دیگر علاقوں میں تعینات بھارتی فوج، نیم فوجی دستوں اور پولیس اہلکاروں میں شدید ذہنی دباؤ، نفسیاتی مسائل اور پست ہمتی کے باعث خودکشی اور باہمی جھگڑوں میں ایک دوسرے پر حملے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دستاویزات کے مطابق سال 2025 میں بھی اس نوعیت کے 4 نمایاں واقعات رونما ہو چکے ہیں جبکہ سال 2023 سے لے کر اب تک سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز، آسام رائفلز اور نیشنل سیکیورٹی گارڈز میں 10 سے زائد ایسی ہلاکت خیز وارداتیں ریکارڈ پر آ چکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق بھارتی سیکیورٹی اداروں میں بڑھتا ہوا ورک لوڈ اور نامساعد حالات اہلکاروں کی ذہنی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔