چار اکتوبر کو لانگ مارچ ضرور ہوگا، پہلے مرحلے میں صوابی جائیں گے، سہیل آفریدی

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی مسکراہٹ، اس بار تعداد زیادہ ہونے کا دعویٰ

September 29, 2026 · اہم خبریں
سہیل آفریدی

سہیل آفریدی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ چار اکتوبر کو لانگ مارچ ہر صورت ہو گا۔

چیف منسٹر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران سہیل آفریدی سے سوال کیا گیا کہ وہ چار اکتوبر کو کہاں سے نکلیں گے اور اسلام آباد بھی جائیں گے یا نہیں جائیں گے؟

اس کے جواب میں انہوں نے کہا: ’پہلے مرحلے میں ہم صوابی جائیں گے، اور صوابی کے بعد آگے ضرور جائیں گے۔‘

یہ جواب دینے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا مسکرانے لگے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر لانگ مارچ کے دوران وفاقی حکومت نے کوئی غیر آئینی قدم اٹھایا تو اسے ’بہت بھاری قیمت‘ چکانا پڑے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت کے وزرا پریس کانفرنسوں کے ذریعے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بار لانگ مارچ میں شریک افراد کی تعداد حکومتی اندازوں سے کہیں زیادہ ہو گی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا تھا، تاہم 25 ستمبر کو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ لانگ مارچ کو چار اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔