ایران کی صورتحال انتہائی خراب، نہیں معلوم ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں،صدر ٹرمپ
امریکا مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں برتری رکھتا ہے اور وہ اسے برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
ایران کی صورتحال انتہائی خراب، نہیں معلوم ہتھیار ڈالنے والے ہیں یا نہیں،صدر ٹرمپ(فائل فوٹو)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ ایران ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کرے گا یا نہیں۔
وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں برتری رکھتا ہے اور وہ اسے برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے کہا کہ وہاں حالات بہت خراب ہیں، تاہم انہیں معلوم نہیں کہ ایران اس وقت ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہے یا نہیں۔ انہوں نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ صدر ہیں، کم جونگ اُن ٹھیک رہیں گے۔
امریکی صدر نے مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر بھی دستخط کیے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد تحفظ کو یقینی بنانا ہے، جبکہ حکومت مصنوعی ذہانت کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں خود احتسابی کا عمل جاری ہے اور اس شعبے سے وابستہ رہنما اس ضرورت کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے مختلف مقامات پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ جہاں یہ مراکز تعمیر ہوں گے، وہاں مقامی آبادی کو مالی طور پر نمایاں فوائد حاصل ہوں گے۔