آبنائے ہرمز کی بندش،عراق نے متبادل راستہ ڈھونڈ لیا

شام کی بنیاس بندرگاہ کے ذریعے پٹرول درآمد کرنا شروع کردیا ہے۔

September 30, 2026 · بام دنیا
آبنائے ہرمز کی بندش،عراق نے متبادل راستہ ڈھونڈ لیا(فائل فوٹو)

آبنائے ہرمز کی بندش،عراق نے متبادل راستہ ڈھونڈ لیا(فائل فوٹو)

آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت متاثر ہونے کے بعد عراق نے ایندھن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کرلیا ہے اور شام کی بنیاس بندرگاہ کے ذریعے پٹرول درآمد کرنا شروع کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عراقی ایندھن بردار ٹینکرز نے شام کی بحیرہ روم کے ساحل پر واقع بنیاس بندرگاہ سے پٹرول حاصل کیا ہے۔ بغداد نے آبنائے ہرمز کے راستے میں رکاوٹ کے بعد ملک میں ایندھن کی بڑھتی طلب کو پورا کرنے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کیے۔

آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت متاثر ہونے سے عالمی توانائی کی منڈیوں پر بھی دباؤ بڑھا ہے۔ جنگ سے قبل دنیا میں تیل اور گیس کی تجارت کا تقریباً پانچواں حصہ اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرتا تھا، تاہم موجودہ صورتحال کے باعث مختلف ممالک متبادل سپلائی راستوں کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔

شام نے بھی بنیاس بندرگاہ کو متبادل تجارتی راستے کے طور پر استعمال کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں عراق آبنائے ہرمز کو نظر انداز کرتے ہوئے بنیاس کے راستے زمینی ذرائع سے تیل کی ترسیل کرتا رہا ہے۔

بغداد اور دمشق کے درمیان تین ماہ کے معاہدے کے تحت اب عراق نے شام کے راستے پٹرول کی باقاعدہ درآمد بھی شروع کردی ہے۔ معاہدے کے تحت پٹرول کی پہلی کھیپ گزشتہ جمعرات کو عراق پہنچ چکی ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔