کراچی ایئرپورٹ پر عمرہ ویزے کی آڑ میں آسٹریلیا جانے کی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ
سخت اقدامات، جعلی دستاویزات کا انکشاف، ملزم ایجنٹ کی تلاش شروع
فائل فوٹو: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی جہاں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) امیگریشن کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ سفر کی آڑ میں غیر قانونی ذرائع سے آسٹریلیا جانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران سعودی عرب کے عمرہ ویزوں پر سفر کرنے والے 3 پاکستانی مسافروں کے مشکوک رویے کے باعث انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روک کر تفصیلی انٹروگیشن کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کی شناخت ندیم اقبال، ساکن حافظ آباد، شہزاد علی، ساکن حافظ آباد، اور سمر شہزاد، ساکن سرگودھا کے نام سے ہوئی۔ دورانِ تفصیلی جانچ مسافروں کے سفری دستاویزات اور موبائل فونز کا جائزہ لیا گیا، جس کے دوران بحرین کے وزٹ ویزے اور جمہوریہ پلاؤ کے ویزے بھی موجود پائے گئے۔ دستاویزات کے مطابق مسافروں کا منصوبہ سعودی عرب میں تقریباً 3 روز قیام کے بعد بحرین اور پھر جمہوریہ پلاؤ جانے کا تھا۔
مسافروں نے انکشاف کیا کہ ایک ایجنٹ نعیم مرشد، ساکن ملتان نے مبینہ طور پر فی مسافر 25 لاکھ روپے کے عوض ویزوں اور سفری انتظامات کا بندوبست کیا تھا۔ مسافروں نے مزید بتایا کہ ایجنٹ کے مطابق انہیں جمہوریہ پلاؤ میں تقریباً 3 ماہ قیام کے بعد مبینہ طور پر Temporary Residence Permit (TRP) حاصل کروایا جانا تھا، جس کے بعد وہ غیر قانونی ہجرت کے راستے سے آسٹریلیا جانے کی کوشش کرتے۔
دستاویزی شواہد، موبائل فونز کی جانچ اور مسافروں کے بیانات کی روشنی میں عمرہ سفر کو بطور پردہ استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہجرت کے ذریعے آسٹریلیا جانے کی کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا ہے۔ تمام مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ اینڈ اسمگلنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مسافروں سے ذاتی طور پر ملاقات کی اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات کے حامل کسی بھی مسافر کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔