فلائی دبئی کی پرواز کے پائلٹ نے بظاہر مسافروں سمیت طیارہ گرانے کی کوشش کی، نیتن یاہو
سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ، پائلٹ زیرِ حراست، مسافروں نے حملہ آور کو قابو کرلیا۔
تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد فلائی دبئی کا طیارہ اور سکیورٹی اہلکار
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعوی کیا ہے کہ دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کے ایک پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارے کو مسافروں سمیت گرانے کی کوشش کی، جس کے بعد سعودی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے پائلٹ کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 بدھ کی علی الصبح دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے تل ابیب کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ اس پرواز میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے جن میں اکثریت اسرائیلی شہریوں کی تھی۔ پرواز کے دوران جب طیارہ تل ابیب کے قریب پہنچا تو ایک پائلٹ نے ساتھی پائلٹ پر چاقو سے حملہ کر دیا۔
پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے اعداد و شمار کے مطابق روانگی کے تقریباً 2 گھنٹے بعد طیارے سے ہنگامی کوڈ 7700 اور اس کے بعد 7500 نشر کیا گیا جو کہ ہائی جیکنگ یا غیر قانونی مداخلت کی علامت ہے۔ طیارے نے سعودی عرب کی فضائی حدود میں اچانک تیزی سے بلندی کم کی اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 21 منٹ پر 2 منٹ سے بھی کم وقت میں 17 ہزار فٹ نیچے آ گیا۔
مسافروں اور عملے کے مطابق کاک پٹ میں ہنگامہ آرائی کے بعد مسافروں نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور پائلٹ کو قابو کر لیا اور عملے کے دیگر ارکان نے طیارے کا کنٹرول سنبھال کر اسے سعودی عرب کے شمال مشرقی شہر تبوک کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔ واقعے کے بعد سعودی سکیورٹی فورسز نے طیارے کو گھیرے میں لے لیا اور تمام مسافروں کو اتار کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔