قومی کرکٹر محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کا دوسرا نوٹس جاری، 2 اکتوبر کو طلب

سائبر کرائم انکوائری، موبائل فون کی واپسی میں تاخیر پر وضاحت طلب، عدم پیشی پر قانونی کارروائی کا انتباہ

September 30, 2026 · اہم خبریں
قومی کرکٹر محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کا دوسرا نوٹس موصول، 2 اکتوبر کو طلب

قومی کرکٹر محمد رضوان کو این سی سی آئی اے کا دوسرا نوٹس موصول، 2 اکتوبر کو طلب

نیشنل سائبر کرائم انویستی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور نے قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو سائبر کرائم انکوائری کے سلسلے میں دوسرا نوٹس جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹس کے مطابق محمد رضوان کو 2 اکتوبر کو سہ پہر 3 بجے این سی سی آئی اے لاہور کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ نوٹس کرکٹر کے رہائشی پتے پر موصول ہوا ہے اور انہیں ضبط شدہ موبائل فون کے تجزیے اور ڈیجیٹل فارنزک کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ ملزم کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے اور تعمیل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو ایک اور خط ارسال کیا ہے جس میں موبائل فون کی واپسی میں تاخیر اور انکوائری کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ خط کے متن کے مطابق کرکٹر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انکوائری سے متعلق تاحال انہیں تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا جبکہ 31 اگست کو جب انگلینڈ میں ان سے موبائل فون لیا گیا تو انہوں نے فوری طور پر پاسورڈ فراہم کر دیا تھا اور ان کی موجودگی میں فون کا معائنہ کیا گیا تھا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام کی جانب سے 3 گھنٹے کے اندر فون واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی اور 10 ستمبر کو بھی پیشی کے دوران حکام کو ان کے آن لاک موبائل فون تک مکمل رسائی حاصل تھی۔ محمد رضوان نے اپنے خط میں استفسار کیا ہے کہ ان کا فون بغیر کسی تاخیر کے واپس کیا جائے اور انکوائری کی وجوہات سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے، جبکہ انہوں نے ہمیشہ تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان 2 اکتوبر کو مقررہ تاریخ پر اپنے وکیل کے ہمراہ این سی سی آئی اے کے دفتر پیش ہوں گے اور اپنے اوپر عائد کردہ الزامات کی باضابطہ تفصیلات طلب کریں گے۔