فیڈرل بورڈ آف ریوینیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی

تاجر تنظیموں کی درخواست پر توسیع، نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

September 30, 2026 · اہم خبریں
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کی عمارت اور جاری کردہ سرکلر

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کی عمارت اور جاری کردہ سرکلر

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ یہ فیصلہ ملک بھر کی مختلف تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے بدھ کی شب اپنے آٖفیشل ایکس ہینڈل پر اعلامیہ ٹوئیٹ بھی کردیا۔

جاری کردہ سرکلر نمبر 3 برائے سال 2026-27 کے مطابق، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 214A کے تحت حاصل ہونے والے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ایف بی آر نے ان تمام افراد کے لیے تاریخ میں توسیع کی ہے جنہیں اپنے گوشوارے 30 ستمبر 2026 تک جمع کرانا تھے۔ دستاویز کے متن کے مطابق اب یہ آخری تاریخ بڑھا کر 15 اکتوبر 2026 کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ ایف بی آر کی جانب سے یہ اقدام تاجر برادری اور ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے مالیاتی گوشوارے باآسانی جمع کرا سکیں۔ متعلقہ حکام نے تمام ٹیکس دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس توسیع شدہ مہلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر اپنے گوشوارے جلد از جلد جمع کروائیں۔

اس سے قبل بدھ کی صبح ایف بی آر نے توسیع کی خبروں کی تردید کی تھی لیکن رات کو سرکلر جاری کردیا گیا۔