اکتوبر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی،پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان
صوبے کے دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور اس وقت تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔پی ڈی ایم اے
اکتوبر میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی،پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے اکتوبر کے دوران ملک کے بعض علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور بلند پہاڑی سلسلوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک نے نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے کے اختتام پر اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
ان کے مطابق بارشوں کے باعث ان علاقوں میں موسم مزید سرد ہوسکتا ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ دوسری جانب بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر پنجاب میں رواں سال مون سون کا موسم اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں رواں مون سون کے دوران معمول سے زیادہ بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں سب سے زیادہ 1505 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ لاہور میں 1316، سیالکوٹ میں 1256 اور گوجرانوالہ میں 1161 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں سال پنجاب کے کسی بڑے دریا میں بڑے سیلاب کی صورتحال پیدا نہیں ہوئی، تاہم شیخوپورہ کے نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
ادارے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے 83 موضع جات اور 43 ہزار 188 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 1215 مکانات کو نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے کے دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور اس وقت تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ادارے کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 65 شہری جاں بحق اور 382 زخمی ہوئے، جبکہ بارشوں کے باعث 224 مکانات متاثر اور 21 مویشی ہلاک ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ حکومتی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں پی ڈی ایم اے ممکنہ بارشوں اور دیگر موسمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔