پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی لیجنڈز ٹیم کو عالمی چیمپئن شپ سے روک دیا

اہم فیصلہ، این او سی جاری کرنے سے انکار،ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف میچ نہیں کھیلے گی

October 3, 2026 · اسپورٹس
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی لیجنڈز ٹیم کو عالمی چیمپئن شپ سے روک دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی لیجنڈز ٹیم کو عالمی چیمپئن شپ سے روک دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان چیمپئنز کو ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں شرکت کرنے سے باضابطہ طور پر روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کے لیے این او سی جاری کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے، جس کے باعث پاکستان چیمپئنز آج بنگلہ دیش کے خلاف مقررہ میچ میں بھی حصہ نہیں لے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک ہفتے قبل ہی پاکستان چیمپئنز کو این او سی جاری نہ کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔ اس وقت پاکستان چیمپئنز کے تمام کھلاڑی دبئی میں موجود ہیں، تاہم اجازت نہ ملنے کے باعث وہ ٹورنامنٹ کے آئندہ مقابلوں کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی اپنے گزشتہ سال والے مؤقف پر مکمل طور پر قائم ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھارتی ٹیم نے پاکستان چیمپئنز کے خلاف میچ کھیلنے سے صاف انکار کر دیا تھا، جس کے بعد بورڈ نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز کو ایسے ایونٹس کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔