بھارت میں امن سے متعلق بیان،بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی وضاحت سامنے آگئی
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان، ریمارکس اسکرپٹڈ اور مزاحیہ تھے، سنجے دت کا مؤقف
بالی ووڈ اداکار سنجے دت جنہوں نے اپنے حالیہ بیان پر وضاحت جاری کی ہے
بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن کی صورتحال سے متعلق اپنے حالیہ بیان پر باضابطہ وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس ایک اسکرپٹڈ گفتگو کا حصہ تھے اور انہیں مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سنجے دت کا کہنا تھا کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور ان کا مقصد کسی بھی فرد، برادری یا ادارے کی دل آزاری یا بے عزتی کرنا ہرگز نہیں تھا۔ اداکار نے مزید وضاحت کی کہ ان کی گفتگو کا انداز ان کی مشہور فلم منا بھائی کے مزاح اور طنز جیسا تھا، جس کے ذریعے ہمیشہ محبت، اپنائیت، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دیا گیا۔
واضح رہے کہ سنجے دت کے یہ ریمارکس شیکھر سمن کے ایک چیٹ شو کے دوران سامنے آئے تھے، جہاں انہوں نے بھارتی عوام کو گرمجوش اور مہمان نواز قرار دیتے ہوئے یہ ریمارکس دیے تھے کہ انہیں اب ملک میں پہلے جیسا امن محسوس نہیں ہوتا۔ اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے یہ تفصیلی وضاحت جاری کی ہے۔