صومالیہ میں جاں بحق 2 پاکستانیوں کی تدفین ۔تیسری آج ہوگی
ر فیع اللہ خان کی نمازجنازہ میں گورنرسندھ کی شرکت
تصویر: سوشل میڈیا
صومالیہ میں قزاقوں کی فائرنگ سے جاں بحق شہری رفیع اللہ اور محمود انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قزاقوں کے قبضے میں موجود تیل بردار جہاز پر آپریشن کے دوران تین جاں بحق اور چار زخمی پاکستانیوں کو ادیس ابابا کے راستے ایتھوپین ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے کراچی لایاگیاتھا۔
ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز ET-694 کے ذریعے زخمی اور میتیں کراچی ایئرپورٹ پہنچیں، زخمیوں میں عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان ،جاں بحق افراد میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری شامل ہیں۔
ایئرپورٹ پر گورنر سندھ نہال ہاشمی زخمیوں اور میتوں کو وصول کرنے کے لیے بورڈنگ برج ایریا پہنچے۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، سعید غنی، وقار مہدی، وزارت خارجہ کے محمد عرفان سومرو، فاروق ستار، وسیم اختر اور دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی منوڑہ جزیرے پر آئے جہاں انہوں نے رفیع اللہ خان کی تدفین میں شرکت کی۔رفیع اللہ اور محمود انصاری کی نماز جنازہ نماز عشاء ادا کی گئی ، کاشف عمر کی نماز جنازہ پیرکو بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔