دبئی میں پاکستانی اداکارہ صبا قمراوربھارتی فنکارہ راکھی ساونت کی خوشگوار ملاقات
غیر متوقع ملاقات، پھول اور انگوٹھی کا تحفہ، ویڈیو وائرل ہوگئی۔
دبئی میں ہونے والی ملاقات کے دوران صبا قمر اور راکھی ساونت
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر اور بھارتی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی متنازعہ و مشہور شخصیت راکھی ساونت کی دبئی میں ہونے والی ایک غیر متوقع ملاقات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ دونوں فنکاراؤں کی یہ ملاقات اس وقت خاصی توجہ کا مرکز بنی جب اس کی ویڈیوز اور تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق صبا قمر ان دنوں ایک نجی تقریب میں شرکت کی غرض سے دبئی میں مقیم ہیں، جہاں بھارتی اداکارہ راکھی ساونت اچانک ان سے ملنے پہنچیں۔ ملاقات کے دوران راکھی ساونت نے پاکستانی اداکارہ کو خوشگوار سرپرائز دیتے ہوئے ایک خوبصورت گلدستہ اور دلکش انگوٹھی تحفے میں پیش کی۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راکھی ساونت معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے گانے پر رقص کرتے ہوئے صبا قمر کی جانب بڑھتی ہیں، جس پر صبا قمر بھی مسکراتے ہوئے اس خوشگوار لمحے میں شریک ہو جاتی ہیں۔
دونوں اداکاراؤں نے اس موقع پر ایک دوسرے کو گرمجوشی سے گلے لگایا اور کیمرے کے سامنے یادگار تصاویر بھی بنوائیں۔ اس پُرلطف ملاقات کے بعد صبا قمر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کیا، جہاں انہوں نے راکھی ساونت کی جانب سے دیے گئے تحائف کی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں۔
انسٹاگرام اسٹوریز پر پھولوں اور انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے صبا قمر نے بھارتی اداکارہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں لکھا کہ خوبصورت پھولوں اور دلکش انگوٹھی کے لیے بہت شکریہ، ان کی محبت اور خلوص میرے لیے بہت معنی رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دونوں فنکاراؤں کے اس دوستانہ اور خوشگوار انداز کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور اس پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔