سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ منگل کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے
اہم دورہ، نائب وزیراعظم کی دعوت، صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوں گی، این ڈی ایم اے بریفنگ دی جائے گی،
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کل (منگل کو) پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دستیاب اطلاعات اور سرکاری ذرائع کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر عمل میں آ رہا ہے۔ دورے کے دوران وہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
دستاویزات اور شیڈول کے مطابق انتونیو گوتریس بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کی تیاری کا خود مشاہدہ کریں گے۔ یاد رہے کہ 2022 میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد انہوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔
یہ دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ تعاون کے اعادے اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ عالمی امن و ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ یہ دورہ عالمی ادارے کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا عکاس ہے۔
انتونیو گوتریس یکم جنوری 2017 سے اقوام متحدہ کے نویں سیکریٹری جنرل کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس سے قبل وہ جون 2005 سے دسمبر 2015 تک اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین رہے جبکہ 1995 سے 2002 تک پرتگال کے وزیراعظم کے منصب پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔