پی ٹی آئی لانگ مارچ، پنڈی اسلام آباد میں سبزی پھل کی ترسیل متاثر
سپلائی میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ
پی ٹی آئی لانگ مارچ، پنڈی اسلام آباد میں سبزی پھل کی ترسیل متاثر
پی ٹی آئی کی لانگ مارچ کال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں راستوں کی ممکنہ بندش اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے باعث سبزی، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہونے لگی، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔
لانگ مارچ کے اعلان کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات سے کنٹینرز حاصل کرکے راولپنڈی اور اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کے اطراف رکھے جا رہے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر راستوں کو بند کیا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق کنٹینرز کی بڑی تعداد انتظامیہ کے استعمال میں آنے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں کی کمی کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے باعث منڈیوں تک سبزی، پھل اور دیگر ضروری اشیا کی ترسیل معمول کے مطابق نہیں ہو رہی۔
سپلائی میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کا براہ راست اثر شہریوں پر پڑ رہا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کی دستیابی میں کمی کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں۔