اداکارہ نیلم منیر کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش

خوشخبری سوشل میڈیا پر شیئر، نومولود کا نام محمد حمدان رکھ دیا

October 12, 2026 · کائنات کے رنگ
اداکارہ نیلم منیر نے اپنے نومولود بیٹے کی پیدائش کی خوش خبری سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

اداکارہ نیلم منیر نے اپنے نومولود بیٹے کی پیدائش کی خوش خبری سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

 

معروف پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس کے بعد ان کے ہاں بچے کی آمد سے متعلق گردش کرنے والی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ اداکارہ نے یہ خوش خبری سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ خصوصی انداز میں شیئر کی۔

34 سالہ نیلم منیر نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ہسپتال کے بستر پر اپنے نومولود بیٹے کو گود میں لیے بیٹھی ہیں ، بچے کا چہرہ ایموجی کے ذریعے چھپایا گیا ہے۔ تصویر کے ساتھ اپنے جذباتی پیغام میں اداکارہ نے لکھا کہ وہ لمحہ جب میں کسی کی پوری دنیا بن گئی، الحمدللہ! میرا ننھا شہزادہ محمد حمدان میری وہ دعا ہے جو قبول ہوئی اور میری زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ نیلم منیر نے جنوری 2025 میں دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری شخصیت محمد راشد کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کیا تھا، اور شادی کے بعد سے وہ شوبز کی سرگرمیوں سے دور تھیں۔ اداکارہ کی جانب سے بیٹے کی پیدائش کی اطلاع ملنے پر شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے انہیں مبارک باد اور نیک تمناؤں کے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔