اداکارہ میرا کو کینیڈین حکام نے بارڈرپرروک کرڈی پورٹ کردیا

امیگریشن حکام کی طویل تفتیش، امریکا واپس بھیج دیا گیا

October 12, 2026 · کائنات کے رنگ
پاکستانی اداکارہ میرا کو کینیڈین بارڈر پر روکے جانے کے بعد امریکا واپس بھیج دیا گیا۔

پاکستانی اداکارہ میرا کو کینیڈین بارڈر پر روکے جانے کے بعد امریکا واپس بھیج دیا گیا۔

 

معروف پاکستانی فلمی اداکارہ میرا کو کینیڈین امیگریشن حکام نے ملک میں داخلے سے روکتے ہوئے نیاگرا بارڈر سے ڈی پورٹ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اداکارہ میرا ایک نجی شو میں شرکت کے لیے امریکا سے بذریعہ سڑک کینیڈا جا رہی تھیں، جہاں بارڈر پر انہیں گھنٹوں روکے رکھا گیا اور بعد ازاں واپس امریکا بھیج دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ میرا کو بارڈر پر حکام کی جانب سے کیے جانے والے انٹرویو اور تفتیش کا سامنا کرنا پڑا۔ اداکارہ میرا نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ وہ نیویارک سے ایک شو کی غرض سے کینیڈا جا رہی تھیں کہ امیگریشن حکام نے انہیں روک لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کینیڈا میں داخلے سے کیوں روکا گیا اور وہ اس معاملے کے حقائق جاننے کی کوشش کر رہی ہیں۔ میرا کے مطابق کینیڈین حکام نے انہیں واپس بھیجنے سے قبل بنیادی نوعیت کے سوالات کیے اور انہیں شبہ ہے کہ شاید کسی نے ان کے خلاف بدنیتی پر مبنی شکایت درج کروائی ہو۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ میرا نے چند ماہ قبل اپنی فلم ’سائیکو‘ کی پروموشن کے سلسلے میں کینیڈا کے شہر کیلگری میں اسٹیج پر پرفارم کیا تھا۔ مبینہ طور پر اس دورے کے دوران اسٹیج پر پرفارم کرنے کا باضابطہ اجازت نامہ نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کینیڈا میں انٹری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اداکارہ میرا اس فیصلے کے خلاف کینیڈین فیڈرل کورٹ میں باقاعدہ اپیل دائر کرنے کا حق رکھتی ہیں اور اس معاملے پر قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے۔