نیپال میں تباہ کن سیلاب سے گورکھا ضلع کا پورا بازار بہہ گیا
اچانک سیلابی ریلا، سلیری بازار تباہ، مکین محفوظ مقامات پر منتقل۔
نیپال کے ضلع گورکھا میں سیلابی ریلے سے تباہ شدہ علاقے کا منظر
نیپال کے ضلع گورکھا میں ایک بار پھر منہ زور سیلابی ریلے نے شدید تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں ایک پورا بازار اور متعدد کاروباری مراکز پانی میں بہہ گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے مسلسل سیلاب اور زلزلوں کی زد میں رہنے والے اس ملک میں تازہ ترین آفت پہاڑی تودہ گرنے کے باعث پیش آئی ہے۔ تودہ گرنے سے دریا کا قدرتی بہاؤ رک گیا تھا، جس کے نتیجے میں اچانک شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث سلیری بازار مکمل طور پر تباہ ہو کر سیلابی ریلے کی نذر ہو گیا جبکہ جگت بازار میں بھی بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچا۔ سیلابی ریلے کی زد میں آ کر کئی مکانات، کاروباری مراکز اور 2 معلق پل بھی بہہ گئے، اس کے علاوہ ایک آبی برقی پراجیکٹ کو بھی جزوی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے اس حادثے میں تاحال کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے جائزہ کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سیلاب اس وقت آیا جب مقامی افراد محوِ خواب تھے، تاہم بروقت خطرے کا ادراک کرتے ہوئے زیادہ تر رہائشیوں نے پہلے ہی اونچائی والے محفوظ مقامات پر پناہ لے لی تھی جس سے ایک بڑا جانی المیہ ٹل گیا۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے لوگوں کو مزید احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔